لاہور(پنجاب پوسٹ) شہر میں چند گھنٹوں کے دوران پولیس حراست سے ملزمان کے فرار کے دو الگ الگ واقعات سامنے آگئے، جن پر سیکیورٹی انتظامات سے متعلق سوالات اٹھنے لگے۔
پہلے واقعے میں کینٹ کچہری کے بخشی خانے سے چار ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو کیمپ جیل سے عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا، جہاں وہ مبینہ طور پر بخشی خانے کی گرل توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ فرار ہونے والے دو ملزمان کی شناخت منشیات کے مقدمے میں نامزد ریاض اعجاز اور قتل کے مقدمے کے ملزم حسن صفدر کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ دیگر دو ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جوڈیشل کمیٹی میں ڈی پی او قصور سے جواب طلب، ایک ہفتے کی مہلت
دوسرے واقعے میں کراچی پولیس کو مطلوب فقیر حسین نامی ملزم پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) سے پولیس حراست سے فرار ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو کراچی پولیس نے مغلپورہ سے گرفتار کیا تھا اور بعد ازاں کینٹ کچہری سے ریمانڈ حاصل کیا گیا۔ دورانِ حراست طبیعت خراب ہونے پر اسے علاج کے لیے پی آئی سی منتقل کیا گیا، جہاں وہ مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فقیر حسین کے خلاف کراچی میں دھوکہ دہی اور فراڈ کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ واقعے کے بعد معاملے کو دبانے کی کوشش کی گئی اور اعلیٰ افسران کو فوری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔
دونوں واقعات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ پولیس کی حراستی سیکیورٹی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔













