پنجاب میں موسلادھار بارشیں، گوجرانوالہ، فاروق آباد اور وزیرآباد میں موسم خوشگوارہو گیا، جہاں موسم میں تازگی کی بات کی جائے اس ہی کے برعکس پنجاب کے نشیبی علاقاجات زیر آب آگیے اور وہی رحمت لوگوں کے لیے زحمت بن چکی ہے ۔
گوجرانوالہ
گزشتہ شب سے جاری موسلادھار بارش نے شہر کا نظامِ زندگی متاثر کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک تقریباً 200 ملی میٹربارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث متعدد شاہراہوں، چوراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔واسا حکام کے مطابق شہر کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ نکاسیٔ آب کے لیے بھاری مشینری اور اضافی عملہ مختلف علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ شہر میں گزشتہ رات سے ہونے والی شدید بارش کے دوران 238 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور شہریوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔ محلہ بختے والا میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور کھلے تار شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے جمع پانی، بجلی کی تنصیبات اور کھلے تاروں سے دور رہنے کی اپیل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب واسا کی جانب سے نکاسیٔ آب کا عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ ریسکیو اور دیگر متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش کے دوران شہر کے مختلف نشیبی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا احد ڈوگر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
حکام کے مطابق گزشتہ رات کمشنر محمد علی نے سیالکوٹ روڈ، ڈی سی روڈ، شمسی انڈر پاس، سوئی گیس روڈ، مین جی ٹی روڈ سمیت مختلف بارش سے متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا اور واسا حکام کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔یم ڈی واسا احد ڈوگر نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ نکاسیٔ آب کے لیے مشینری اور عملہ فیلڈ میں مسلسل کام کر رہا ہے
دوسری جانب سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نورالامین مینگل سے مزید ڈی واٹرنگ پمپس بھی منگوا لیے گئے ہیں تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں مسلسل شہر کی صورتحال کی نگرانی کرتے ہوئے امدادی اور ریلیف اقدامات میں مصروف ہیں۔
فاروق آباد
شہر اور گردونواح میں رات گئے سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث شہریوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ گرمی سے مرجھائے چہرے بھی کھل اٹھے۔
دوسری جانب بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور شہر کے مختلف فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے بجلی کی جلد بحالی کا مطالبہ کیا جبکہ انتظامیہ نے خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرآباد
شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی و حبس کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی۔ بارش سے شہریوں نے راحت محسوس کی، تاہم کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔
دوسری جانب کسانوں نے حالیہ بارش کو دھان کی فصل کے لیے انتہائی فائدہ مند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش سے فصل کو وافر پانی میسر آئے گا جس سے پیداوار بہتر ہونے کی توقع ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نشیبی علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








