چنیوٹ(پنجاب پوسٹ) میں دریائے چناب کی پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی اور حساس علاقوں کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق اس وقت چنیوٹ کے مقام سے 87 ہزار 325 کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی آمد مسلسل بڑھ رہی ہے، اس لیے دریائی بیلٹ اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو صورتحال پر نظر رکھنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب میں سیلاب کا خطرہ؟کن کن دریاؤں کے سپل ویز کھولے گئے ہیں؟
ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلع میں دو فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔ ایک فلڈ ریلیف کیمپ دریائے چناب پر ٹی ڈی سی پی (TDCP) پوائنٹ پر قائم کیا گیا ہے، جبکہ دوسرا تحصیل بھوانہ کے موضع ساہمل میں فعال کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ شہریوں کے لیے رہائش، خوراک، پینے کے صاف پانی اور طبی سہولیات سمیت دیگر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ریسکیو، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں، خصوصاً دریائے چناب کے کنارے آباد افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کا رخ نہ کریں، بچوں کو دریا کے قریب جانے سے روکیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔








