لاہور(پنجاب پوسٹ)مون سون بارشوں کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے واسا کے تاریخی ترقیاتی پروگرام پر تیزی سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق نئی مشینری، انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس اور نکاسی آب کے جدید نظام کے ذریعے شہری علاقوں کو بارشوں کے دوران ممکنہ مسائل سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں مون سون سے قبل ہی ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ تمام اضلاع میں واسا کا نظام قائم کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلے مرحلے میں 15 اضلاع میں واسا کو 12 اقسام کی 272 نئی مشینیں فراہم کر دی ہیں، جبکہ اگلے مرحلے میں پنجاب بھر کے اضلاع کو مزید 694 نئی مشینری فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 105 انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس پر کام جاری ہے، جن میں سے 82 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 23 پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا 78 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ 11 روز میں باقی تمام ٹینکس بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انڈر گراؤنڈ سٹوریج منصوبہ نہ صرف بارشی پانی کے بہتر انتظام میں مدد دے گا بلکہ زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز آئندہ 50 برس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کے واٹر سٹوریج سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہیں اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








