رانگ پارکنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے روکنے پر وائیلیٹرز آگ بگولا، ٹریفک کانسٹیبلز پر حملے، مقدمات درج

لاہور(پنجاب پوسٹ) رانگ پارکنگ اور خطرناک ڈرائیونگ (اوورسپیڈنگ) سے منع کرنے پر دو مختلف واقعات میں قانون شکن عناصر نے ٹریفک کانسٹیبلز پر حملہ کر دیا۔ دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فوری قانونی کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔

پہلے واقعے میں رانگ پارکنگ سے منع کرنے پر مشتعل وائیلیٹرز نے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک کانسٹیبل سے بدتمیزی کرتے ہوئے تشدد کیا، جبکہ دوسرے واقعے میں خطرناک ڈرائیونگ اور اوورسپیڈنگ سے روکنے پر ملزمان نے ٹریفک اہلکار پر حملہ آور ہو کر سرکاری امور میں مداخلت کی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں واقعات میں چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف سرکاری امور میں مداخلت، تشدد اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے گرفتار افراد کو حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ٹریفک اہلکاروں پر حملہ، بدتمیزی یا سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور سرکاری ملازمین پر حملہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی عزتِ نفس لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، تاہم ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی عزتِ نفس کو بھی کسی صورت مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ ایویڈنس بیسڈ چالاننگ سسٹم کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور اگر کسی شہری کا غلط چالان ہو جائے تو اس کے فوری ازالے کو یقینی بنانا ہے، تاہم کسی بھی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے، ٹریفک اہلکاروں سے الجھنے یا سرکاری امور میں مداخلت کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والا کوئی بھی وائیلیٹر اگر ٹریفک پولیس کے ساتھ اُلجھے گا یا قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا تو اسے سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی ٹریفک اہلکار کے رویے یا چالان کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو وہ ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں۔ ہر شکایت کا شفاف، غیرجانبدارانہ اور فوری ازالہ کیا جائے گا

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے