لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں بچے کی بازیابی اور بچے کے والد کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم کے باوجود سی سی پی او لاہور عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس عبہر گل خان نے فخر الحسن کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو 24 جولائی کو شوکاز نوٹس پر وضاحت کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سی سی پی او لاہور بار بار عدالتی احکامات پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ اس سے قبل انہیں بچے کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: سیشن کورٹ نے چار بچوں کو ماں کی بجائے والد کے حوالے کیوں کیا؟
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ درخواست گزار کی پہلی بیوی فرح بی بی نے بچے کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ فخر الحسن بچے کو لے کر کراچی چلا گیا تھا، جس پر عدالت نے بچے کو چھین کر لے جانے کے الزام میں فخر الحسن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی جاری کر رکھا ہے۔













