خبردار ، ساون میں جانوروں کو سبز چارہ مت کھلائیں ، محکمہ لائیو اسٹاک نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

فیصل آباد ( پنجاب پوسٹ ) محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے بارشوں کے موسم میں مویشی پال حضرات کو سبز چارے کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مناسب حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے سے جانور مختلف بیماریوں اور ہاضمے کے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر روبینہ انجم کے مطابق بارش کے دوران اگنے والا سبز چارہ غذائیت سے بھرپور ضرور ہوتا ہے، تاہم بارش سے بھیگا ہوا چارہ فوری طور پر جانوروں کو نہ کھلایا جائے بلکہ اسے کچھ دیر سکھانے کے بعد استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پھپھوندی زدہ، سڑا ہوا یا بدبودار چارہ ہرگز استعمال نہ کیا جائے کیونکہ ایسا چارہ جانوروں میں مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی طرح ایک ہی وقت میں زیادہ مقدار میں نرم سبز چارہ کھلانے سے گریز کیا جائے اور اس کے ساتھ خشک چارہ بھی شامل رکھا جائے تاکہ نظامِ ہاضمہ متوازن رہے۔

ڈاکٹر روبینہ انجم نے مزید ہدایت کی کہ جانوروں کو آلودہ یا بارش کا جمع شدہ پانی پلانے سے اجتناب کیا جائے اور ہمیشہ صاف، تازہ اور مناسب مقدار میں پانی فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی جانور میں بھوک ختم ہونے، خوراک چھوڑنے، سستی، پیٹ پھولنے یا دیگر غیر معمولی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی ویٹرنری ہسپتال یا لائیوسٹاک آفیسر سے رابطہ کیا جائے تاکہ بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل سے نہ صرف جانور بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہوتا ہے۔ مزید رہنمائی یا شکایات کے لیے محکمہ لائیوسٹاک کی 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 08000-9211 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے