لاہور( پنجاب پوسٹ) ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔ لوئر مال کے علاقے میں کارروائی کے دوران تقریباً 98 ہزار 500 روپے کے بقایا ای چالان والی ایک فورچونر گاڑی کو روک لیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک انسپکٹر غلام مصطفیٰ ورک نے اے این پی آر سسٹم کے ذریعے گاڑی کے ریکارڈ کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ گاڑی پر 98 ہزار 500 روپے کے ای چالان واجب الادا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ون وے کی خلاف ورزی پر چالان۔۔۔ اختر لاوا کی دھمکیاں ، ٹک ٹاکر بڑی مشکل میں پھنس گئے
ریکارڈ کے مطابق گاڑی نے چار مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی جبکہ متعدد بار لین لائن کی خلاف ورزی بھی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی مالک کی جانب سے تمام بقایا جرمانہ ادا کرنے کے بعد فورچونر کو چھوڑ دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر بھر میں اے این پی آر کیمروں کی مدد سے 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جرمانوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔











