لاہور(پنجاب پوسٹ) کے علاقے رائیونڈ میں چھجو چوک کے قریب دو تیز رفتار کوسٹر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں موقع پر شدید افرا تفری پھیل گئی اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں تصادم کی شدت اور تیز رفتاری واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ رائیونڈ کے علاقے چھجو چوک کے قریب پیش آیا، جہاں دو کوسٹر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال رائیونڈ منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں کوسٹر گاڑیوں میں فیکٹری ملازمین سوار تھے، جو اپنے معمول کے سفر پر تھے۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
لاہور رنگ کو حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موصول ہوگئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں گاڑیاں تیز رفتاری کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ فوٹیج سامنے آنے کے بعد حادثے کی وجوہات مزید واضح ہونے کا امکان ہے جبکہ متعلقہ اداروں نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔













