لاہور: گجرات اور چین کے شہر لاؤڈی سسٹر سٹی، چین گجرات میں دلچسپی کیوں لے رہا ہے؟

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) چین کے صوبہ حونان کے شہر لاؤڈی اور ضلع گجرات کے درمیان سسٹر سٹی اور باہمی معاشی تعاون کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور لاؤڈی سٹی کے ڈپٹی میئر مسٹر یانگ وائے نے پیسک ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط کیے۔ تقریب میں چائنیز قونصل جنرل سن یان، لاؤڈی سٹی کے اعلیٰ سطحی وفد، سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود، سی ای او پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت دونوں شہروں کے درمیان زراعت، تجارت، معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ ریلیشن شپ گروپ قائم کیا جائے گا جبکہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ لاؤڈی پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ دونوں جانب تجارتی روابط بڑھانے میں کردار ادا کرے گی اور وقتاً فوقتاً وفود کے تبادلے بھی کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور حکومت نے صنعت کاری کے عمل کو تیز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اپنے دورہ چین کے دوران لاؤڈی میں زرعی مشینری سمیت مختلف صنعتی اداروں کا مشاہدہ کیا تھا اور ان کی دعوت پر چینی وفد اس معاہدے کے لیے پنجاب آیا ہے۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے گجرات میں نئی سرمایہ کاری آئے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں شہر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

چائنیز قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی، اعتماد اور معاشی تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات اور لاؤڈی کے درمیان سسٹر سٹی معاہدہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

لاؤڈی سٹی کے ڈپٹی میئر یانگ وائے نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں شہروں کے درمیان تعاون کا آغاز ہے اور مستقبل میں تجارت، صنعت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کو ستمبر میں لاؤڈی سٹی میں ہونے والی سرکاری تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

تقریب کے اختتام پر پنجاب اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (PEDMC) کی ٹیم نے چینی سرکاری اور نجی شعبے کے وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع، سپیشل اکنامک زونز اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے