لاہور(پنجاب پوسٹ)میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل غیر معمولی رفتار اختیار کر گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں لائسنسنگ سروسز کو مزید فعال بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں صرف تین ہفتوں کے دوران 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے آن لائن سہولیات اور ای لائسنس سروس سے بھی بھرپور استفادہ کیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد مختلف اقسام کے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔
ترجمان کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے، جبکہ دو ہزار پانچ سو سے زائد افراد کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی فراہم کیے گئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے 91 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا، جبکہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کیا۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے اور ایسے ڈرائیورز کے خلاف صوبہ بھر میں سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت محفوظ ٹریفک کلچر کے فروغ کے لیے شہریوں کو باقاعدہ تربیت کے بعد ڈرائیونگ کی ترغیب دے رہی ہے، جس کے باعث ٹریفک حادثات میں بھی کمی آئی ہے۔ محمد وقاص نذیر نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول یا تجدید کے لیے خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے استفادہ کریں تاکہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ ساتھ محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔













