گجرات (پنجاب پوسٹ) ایک بیوہ خاتون کو شوہر کی واجب الادا پنشن جاری نہ کیے جانے کے معاملے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گجرات کی تنخواہ بند کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں زیر سماعت درخواست میں بیوہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود متعلقہ انتظامیہ نے پنشن کی ادائیگی یقینی نہیں بنائی، جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے متعلقہ افسران کی عدم تعمیل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ جب تک بیوہ خاتون کی پنشن جاری نہیں کی جاتی، اسسٹنٹ کمشنر گجرات کی تنخواہ روک دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر موقع پر فیصلے
عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنشن کی ادائیگی سے متعلق رپورٹ مقررہ تاریخ پر جمع کرائی جائے، بصورت دیگر مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اس فیصلے کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
گجرات کی عدالت نے ایک سرکاری ملازم کی بیوہ کو پنشن کی عدم ادائیگی پر اسسٹنٹ کمشنر کی غفلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کی تنخواہ فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی ذاتی سروس فائل میں بھی عدالتی ناراضی کا اندراج کیا جائے۔ واضح رہے کہ متوفی ملازم بطور پٹواری خدمات انجام دے رہا تھا، جبکہ اس کی وفات کے بعد بیوہ نے پنشن کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔













