لاہور (پنجاب پوسٹ) امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات خوشگوار اور دیرپا ہیں، جبکہ عوامی روابط دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے اور امریکہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کا خواہاں ہے۔
ایف پی سی آئی میں امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تجارتی روابط قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہر شعبے میں شراکت داری کو وسعت دینا چاہتا ہے اور پاکستانی تاجروں و صنعتکاروں کے لیے مزید سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں غربت کے خاتمے میں معاون شعبوں کی حمایت بھی جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن: آئی پی پی اور مرکزی مسلم لیگ کا انتخابی اتحاد
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی آئی کے رہنماؤں عاطف اکرام شیخ، ایس ایم تنویر اور ذکی اعجاز نے امریکہ کو 250ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان نجی شعبے میں تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ باہمی مشاورت اور مؤثر پالیسی سازی کے ذریعے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔














