لاہور( پنجاب پوسٹ) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 99 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر انسپکٹر فہمیدہ ذیشان کی سربراہی میں بیگرز ٹیم نے مختلف ٹریفک سگنلز پر کارروائیاں کیں۔
گرفتار افراد میں مرد، خواتین، بچے، خواجہ سرا اور معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والے افراد شامل ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار بھکاریوں کو سوشل ویلفیئر، ایدھی ہومز جبکہ لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گوجرانوالہ پولیس کا بڑا کریک ڈاون ۔۔۔ خطرناک ملزمان کا گھیرا تنگ
سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ شہر کے کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی شخص بھیک مانگتا نظر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو فیلڈ اسٹاف سے مسلسل رابطے میں رہنے اور آپریشن کی مؤثر نگرانی کی بھی ہدایت کی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق گداگری کے خلاف آپریشن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر بڑی بسیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ نادرا کے تعاون سے گرفتار افراد کا ڈیٹا حاصل کرکے مقدمات کے اندراج کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رات کے اوقات میں ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھکاریوں کی تلاش بھی جاری ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں، کیونکہ ان کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عادی بھکاری ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا بھی لیتے ہیں۔











