گوجرانوالہ( پنجاب پوسٹ ) کیا گوجرانوالہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے؟ شہر کے مختلف علاقوں میں ایک ہی روز 6 پولیس مقابلوں کے دوران 2 ریکارڈ یافتہ ملزمان ہلاک جبکہ 5 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ کارروائیوں کے بعد سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹس طلب کر لیں۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقے میں منشیات فروش افضال پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ملزم منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، جبکہ اس کے قبضے سے 2 کلو 200 گرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔ تاہم اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری کارروائی تھانہ دھلے کے علاقے میں ہوئی، جہاں ریکارڈ یافتہ ملزم امیر حمزہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ڈکیتی، راہزنی، چوری اور موٹر سائیکل چوری سمیت 25 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور: گوگل میپ کے ذریعے منشیات کی سپلائی کرنیوالا گینگ پولیس کے ہاتھ کیسے لگا؟
ادھر تھانہ کوٹ لدھا پولیس نے کارروائی کے دوران 30 سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم احسان اللہ عرف سانو کو پولیس ناکے پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے بھی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی ڈاکو طیب اور شاکر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان راہزنی اور چوری کے 20 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے اور گوجرانوالہ کے علاوہ لاہور، قصور اور اوکاڑہ پولیس کو بھی مطلوب تھے۔
ایک اور کارروائی میں تھانہ سوہدرہ پولیس نے 10 سالہ بچی سے جنسی زیادتی کے مقدمے میں زیرِ ریمانڈ ملزم نذیر عرف بیلہ کو پوٹینسی ٹیسٹ سے واپسی پر پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کر لیا۔
اسی روز تھانہ صدر گوجرانوالہ کی ایک اور کارروائی میں چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم مظہر کو پولیس ریڈ کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔
سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، اور اس مقصد کے لیے پولیس اپنی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھے گی۔














