گراں فروشی پر بڑی ضرب ۔۔۔لاہور میں مہنگائی مافیا کا گھیرا تنگ

لاہور( پنجاب پوسٹ ) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر شہر بھر میں گراں فروشی کے خلاف سخت مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناجائز منافع خوروں کے خلاف فیلڈ میں متحرک ہو کر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایک ہی روز شہر کے مختلف بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں پر 5 ہزار 918 معائنے کیے گئے، جن کے دوران 70 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار 500 روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب رہیں۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری کے ذریعے عوام کا استحصال کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وہ خود مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی اور قیمتوں کے توازن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کا مؤثر سدباب کیا جا سکے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے