لاہور (پنجاب پوسٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے معروف بلے باز فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اقامتی ادارے آغوش کالج مری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یتیم بچوں کے لیے نئے اسپورٹس گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔ آغوش کالج پہنچنے پر طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ دورے کے دوران انہوں نے تعلیمی، رہائشی اور ہاسٹل بلاکس کا معائنہ بھی کیا۔
فخر زمان نے یتیم بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی بین الاقوامی معیار کی تعلیمی، تربیتی، رہائشی اور کھیلوں کی سہولیات کو سراہتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے آغوش کے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی، ان کے ہمراہ ظہرانہ کیا اور خوشگوار وقت گزارا۔
اسپورٹس گراؤنڈ کے افتتاح کے بعد طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے فخر زمان نے اپنی کامیابی کے سفر کے مختلف مراحل بیان کیے اور کہا کہ "محنت، مستقل مزاجی، نظم و ضبط اور معیاری تعلیم کامیاب مستقبل کی مضبوط بنیاد ہیں۔” انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے پوری لگن اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، جبکہ تعلیم سے وابستگی، اساتذہ کا احترام اور مثبت طرزِ فکر ہی انسان کو کامیابی کی منزل تک پہنچاتے ہیں۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا آغوش ہومز منصوبہ یتیم بچوں کے لیے امید کی روشن کرن ہے، جہاں انہیں معیاری تعلیم، بہترین نگہداشت، محفوظ ماحول اور باوقار مستقبل کی تعمیر کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے ڈونر ہیں اور مخیر خواتین و حضرات سے اپیل کی کہ وہ یتیم بچوں کی کفالت اور آغوش ہومز جیسے فلاحی منصوبوں میں الخدمت کے دست و بازو بنیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم، تربیت اور روشن مستقبل میسر آ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز: وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط ہو رہا ہے
دورے کے دوران آغوش کالج کی انتظامیہ نے فخر زمان کو الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے آرفن کیئر پروگرام اور آغوش ہومز منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر آغوش کالج مری کے پرنسپل اعظم خان نے بتایا کہ پاکستان میں لاکھوں یتیم بچے خصوصی توجہ کے متقاضی ہیں، جن کی تعلیم، تربیت اور باوقار مستقبل کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن گزشتہ کئی برسوں سے منظم انداز میں خدمات انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر میں تقریباً 35 ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے، جبکہ 24 آغوش ہومز میں 2 ہزار سے زائد بچے رہائش پذیر ہیں، جہاں انہیں معیاری تعلیم، محفوظ رہائش، صحت کی سہولیات، دینی و اخلاقی تربیت، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں سمیت جدید تعلیمی ماحول اور شخصیت سازی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آغوش ہومز منصوبہ صرف یتیم بچوں کی کفالت تک محدود نہیں بلکہ انہیں بااعتماد، باکردار، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار شہری بنانے کی ایک مؤثر قومی کاوش ہے۔











