سرگودھا(پنجاب پوسٹ) سرگودھا میں ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، سنٹرل ون زون، عمران شاہد نے سیکٹر ایم ٹو ساؤتھ، سیال موڑ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں سیکٹر کمانڈر ایس پی فیصل اکرم اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا
سیال موڑ سیکٹر آفس میں اجلاسِ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی عمران شاہد نے اعلیٰ قیادت کی ہدایات، ادارے کی ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے افسران و جوانوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام، پیشہ ورانہ پولیسنگ، نظم و ضبط، دیانت داری اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا۔
اجلاس کے دوران افسران اور جوانوں نے اپنے پیشہ ورانہ مسائل اور تجاویز پیش کیں، جن پر ڈی آئی جی نے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی اور حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں سیکٹر کمانڈر ایس پی فیصل اکرم نے ڈی آئی جی عمران شاہد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈی آئی جی نے سیکٹر آفس، لائنز ہیڈکوارٹرز، بیٹ نمبر 9، جنرل اسٹور، موٹر ٹرانسپورٹ، اسلحہ خانہ اور دیگر برانچز کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر انہوں نے این ایچ ایم پی ایف ایم-95 ریلے اسٹیشن سیال موڑ کا دورہ کیا، جہاں مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔دورے کے اختتام پر ڈی آئی جی عمران شاہد نے سیکٹر کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوامی خدمت، پیشہ ورانہ مہارت اور شفافیت کو مزید فروغ دینے کی ہدایت کی۔













