پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں 475 نئی نشستوں کی منظوری، کیا اب ڈاکٹر بننا آسان ہوگیا؟

لاہور: (پنجاب پوسٹ)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں 475 نئی نشستوں کے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے بعد صوبے میں میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند مزید طلبہ کو داخلے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ یہ منظوری 14 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے اجلاس میں دی گئی۔
حکومتِ پنجاب کی جانب سے سال 2025 میں نشستوں میں اضافے کے لیے باقاعدہ درخواست دی گئی تھی، جبکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں یہ منظوری ممکن ہوئی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف میڈیکل تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ مستقبل میں صحت کے شعبے کے لیے زیادہ تربیت یافتہ ڈاکٹر بھی دستیاب ہوں گے۔

منظوری سے قبل پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی مجموعی نشستیں 3476 تھیں، تاہم 475 نئی نشستوں کے اضافے کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 3951 ہو گئی ہے۔ اسی طرح میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی مجموعی نشستیں، جو پہلے 3766 تھیں، اب بڑھ کر 4241 ہو گئی ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میڈیکل کالجز کی نشستوں میں اضافے پر سیکرٹری صحت عظمت محمود اور ان کی ٹیم کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں محکمہ صحت کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نشستوں میں اضافے کا یہ فیصلہ پنجاب کے طلبہ کے روشن مستقبل اور صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے