لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں تعلیم کے شعبے میں ایک بڑے منصوبے کی بنیاد رکھ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں صوبے بھر میں ایچی سن کالج طرز کے جدید بوائز اینڈ گرلز سکولز قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی، جبکہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور کی وحدت روڈ پر طلبہ اور طالبات کے لیے الگ الگ "مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ” قائم کیے جائیں گے، جو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع ہوں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کی باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
حکام کے مطابق یہ مراکز صرف تعلیمی ادارے نہیں بلکہ جدید سہولیات سے آراستہ مکمل تعلیمی و تربیتی کیمپس ہوں گے۔ منصوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس ہال، ہاکی اسٹیڈیم، کرکٹ اسٹیڈیم، سوئمنگ پول اور گھڑ سواری کی سہولت بھی شامل ہوگی تاکہ طلبہ کی جسمانی، ذہنی اور قائدانہ صلاحیتوں کو یکساں طور پر فروغ دیا جا سکے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر سنٹر میں پانچ ہزار طلبہ اور پانچ ہزار طلبات کے داخلے کی گنجائش ہوگی، جس سے مجموعی طور پر ہزاروں طلبہ جدید تعلیمی ماحول اور عالمی معیار کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
حکومتی حکام کے مطابق اس پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرز کے تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے، تاکہ صوبے میں معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ منصوبہ پنجاب کے تعلیمی نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔









