لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ لاہور قلندرز ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے گلوبل سپر لیگ میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کو گیارہ سال ہو چکے ہیں اور اب ٹیم عالمی سطح پر اپنی پہچان مزید مضبوط بنانے جا رہی ہے۔
رانا عاطف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی کرکٹ کھیلی جاتی ہے، وہاں لاہور قلندرز کے چاہنے والے موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گیانا میں ہونے والی گلوبل سپر لیگ میں لاہور قلندرز بھرپور شرکت کرے گی اور اس ایونٹ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کی عالمی سطح پر کامیابی، IEO 2026 کے لیے کوالیفائی
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کوچ آسٹریلوی لیجنڈ شان ٹیٹ ہوں گے، جو نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کریں گے، جبکہ ٹیم کی قیادت مائیکل بریسول کریں گے۔ اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، محمد نعیم، پرویز حسین ایمون، اسامہ میر، مائیکل بریسول، شامل حسین، شایان جہانگیر، فرحان یوسف، شاہاب خان، مہران ممتاز، علی شبیر، علی شبیر ڈیلانو پوٹیگیٹر اور محمد باسط شامل ہیں۔
سی ای او لاہور قلندرز نے کہا کہ ٹیم کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے اور اس بار بھی نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں شان ٹیٹ کی خدمات درکار ہوئیں تو ان کے لیے دروازے کھلے رہیں گے۔
رانا عاطف نے کہا کہ جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، تاہم ٹیم کی توجہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے پی ایس ایل میں تین ٹرافیاں جیتی ہیں، تاہم اس ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے انہیں شامل نہیں کیا جا رہا۔













