لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران اور سپورٹس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور ڈائریکٹر سپورٹس چاند رپروین شریک ہوئے، جبکہ پنجاب بھر کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، لٹریسی، ٹیوٹا، ہوم، ایگریکلچر اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان بھی اجلاس کا حصہ تھے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا سپورٹس ایونٹ ہوگا، جس میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ نوجوانوں کی رجسٹریشن متوقع ہے، جبکہ تقریباً 50 لاکھ نوجوان عملی طور پر سپورٹس مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یوتھ گیمز کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل پی آئی ٹی بی کی ٹیم نے تیار کر لیا ہے اور رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ مزید برآں، گیمز میں مدارس کے طلبہ کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ یوتھ گیمز کے ذریعے سامنے آنے والا ٹیلنٹ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرے گا۔ اس موقع پر ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف اور ان کی ٹیم نے رجسٹریشن پورٹل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں، جن میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کنوینئر کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔













