لاہور: (پنجاب پوسٹ) لاہور کینٹ کچہری میں غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے کی، جہاں پولیس نے رضا ڈار سمیت چار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے ملزمان کے مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی گئی ہے، تاہم رقم کی ریکوری ابھی باقی ہے۔
تین ملزمان ساجد، حسن رضا اور سکندر کی جانب سے وکیل سلمان شاہد عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ ملزم رضا ڈار کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔
وکیل سلمان شاہد نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے دس روزہ ریمانڈ کے باوجود عدالت کو یہ نہیں بتایا کہ کیا برآمدگی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین نے صرف چار ملزمان کا ذکر کیا، مگر پولیس دیگر افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاحال ملزمان کی شناخت پریڈ نہیں کرائی گئی، جبکہ قانون کے مطابق اس مقدمے کی تفتیش خاتون پولیس افسر کے ذریعے ہونی چاہیے تھی۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ تین ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔








