لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب بھر میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت نے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے ترجمان کے مطابق صوبے کی تمام فلور ملز معمول کے مطابق فعال ہیں اور مارکیٹ میں آٹے کی کسی قسم کی قلت نہیں ہے۔
ترجمان کے مطابق عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں آٹے کے تھیلوں کی سپلائی بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ سپلائی میں پنجاب بھر میں 10 کلو آٹے کے 2 لاکھ 58 ہزار 564 تھیلے جبکہ 20 کلو آٹے کے 2 لاکھ 3 ہزار 991 تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ اب تک صوبے میں 10 کلو آٹے کے مجموعی طور پر 6 لاکھ 66 ہزار بیگز سپلائی کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کتابیں کہاں گئیں ؟ نئے تعلیمی سال سے پہلے کتابوں کا بحران، ذمہ دار کون؟
فوڈ سیفٹی حکام کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر سے گندم کی خریداری کے بعد فلور ملز میں گرائنڈنگ کا عمل کامیابی سے جاری ہے، جس سے آٹے کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق گندم کی مسلسل خریداری سے کسانوں کو اپنی فصل کی مناسب قیمت بھی مل رہی ہے اور حکومت پنجاب کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
حکومت نے آٹے کی سپلائی چین کو متاثر کرنے والے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے، تاکہ شہریوں کو مناسب قیمت پر معیاری آٹا مسلسل دستیاب رہے۔








