لاہور ( پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں 13 جولائی 1931ء کو اذان کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 22 کشمیری شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کا روشن باب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری عوام کا جذبہ قابلِ تحسین ہے اور بھارت ظلم، جبر اور تسلط کے باوجود کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کشمیر کی صورتحال ، جماعت اسلامی کا جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ ، کون کون شامل ہوگا ؟
گورنر پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کا لہو آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کی شمع روشن کیے ہوئے ہے اور یہ قربانیاں مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر اور عملی کردار ادا کرے۔











