لاہور ( پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیوسٹاک، صحت، توانائی، آبی وسائل اور ڈیجیٹل جدت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرتگالی سفیر کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پرتگالی کمپنیوں کو پنجاب میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے اور دونوں ممالک ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے بارے میں کیا کہا؟
ملاقات میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ کے لیے پاکستان-پرتگال بزنس فورم قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، جبکہ لاہور اور لزبن کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور پرتگال کے درمیان فارماسیوٹیکل، توانائی، ہیلتھ اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی مداح ہے۔اس موقع پر پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے پاکستان، خصوصاً لاہور کے پکوان اور اہلِ لاہور کی مہمان نوازی کو سراہا۔
انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کی تعریف کی، پنجاب میں صحت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پرتگال کے دورے کی دعوت بھی دی۔
سفیر کا کہنا تھا کہ پرتگال پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔











