پاکستان(پنجاب پوسٹ) پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے وسطی پنجاب میں الیکشن سیل قائم کرتے ہوئے انتخابی سرگرمیوں کو تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس اقدام کا مقصد امیدواروں، پارٹی تنظیم اور انتخابی عمل کے درمیان مؤثر رابطہ، بہتر ہم آہنگی اور شفاف نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ کے دستخطوں سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی کے نائب صدر چودھری اختر علی کو الیکشن سیل کا انچارج مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عمر شریف بخاری، فائزہ ملک اور ڈاکٹر احسن مسعود کو سیل کے ممبران نامزد کیا گیا ہے۔
چودھری اختر علی نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے 12 رکنی رابطہ کمیٹی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ کمیٹی میں ثمینہ پگانوالہ، ارشد جٹ، حیات خان، عبدالرزاق سلیمی، اظہر ڈیسک، ضیا محی الدین، کاشف گھر، خالدہ شاہد ملک ایڈووکیٹ، خواجہ کلیم، ملک علی ساؤل، میاں سعود حسن دار اور مرزا اکرام شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رابطہ کمیٹی آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور متعلقہ اضلاع کے پارٹی صدور کے درمیان رابطہ کاری کو یقینی بنائے گی۔ کمیٹی انتخابی سرگرمیوں، تنظیمی معاملات اور انتخابی مہم کے حوالے سے باقاعدہ نگرانی بھی کرے گی۔مزید برآں، کمیٹی پنجاب کی مہاجر نشستوں پر ہونے والے انتخابی عمل کی نگرانی کرے گی اور اس حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹ پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ کو پیش کرے گی تاکہ انتخابی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔














