لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے حادثات کی روک تھام کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 68 ڈرائیورز کے لائسنس معطل کر دیے۔ یہ کارروائی 11 جولائی 2026 کو سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے احکامات پر عمل میں لائی گئی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اب ہر مہلک اور شدید نوعیت کے غیر مہلک حادثے کی صورت میں متعلقہ ڈرائیور کا لائسنس معطل کیا جائے گا۔ معطل شدہ لائسنس رکھنے والا ڈرائیور اگر دوبارہ گاڑی چلاتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بیوی پر سرِعام تشدد، لوگ بناتے ویڈیو رہے… مناظر وائرل ہوئے تو پولیس نے شوہر کو دھر لیا
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے ڈرائیورز کے لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلک حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کو لائسنس معطلی کے ساتھ ساتھ مزید قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کے قیام کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی ناگزیر ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔









