سیالکوٹ میں بجلی کی ٹوٹی تار نے ایک اور جان لے لی، ذمہ دار کون؟

سیالکوٹ ( پنجاب پوسٹ ) بارش کے بعد ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب محلہ غوث پورہ فتح گڑھ کی مرکزی جامع مسجد والی گلی میں بجلی کی مین تار ٹوٹ کر گر گئی۔ تار گرنے کے باعث گلی میں جمع بارش کا پانی کرنٹ زدہ ہو گیا، جس سے گزرنے والا ایک راہگیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے شخص کی شناخت عامر حسین ولد محمد جمیل کے نام سے ہوئی ہے، جو محلہ وزیر پورہ، گلی لال مسجد والی کا رہائشی تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق عامر حسین معمول کے مطابق گلی سے گزر رہا تھا کہ کرنٹ زدہ پانی کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بجلی کی تار ٹوٹنے کے فوراً بعد واپڈا کی ہیلپ لائن پر متعدد بار اطلاع دی گئی، تاہم بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ شہریوں نے متعلقہ ادارے کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کو اس قیمتی انسانی جان کے ضیاع کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔

مقامی افراد کا مطالبہ ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور بارشوں کے موسم میں بجلی کی خستہ حال تاروں اور دیگر خطرناک تنصیبات کی فوری مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی اور خاندان کو ایسے سانحے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے