لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے خصوصی صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کی ہدایت پر سمن آباد ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر صفائی آپریشن کیا جا رہا ہے، جہاں شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے انسانی وسائل اور مشینری دونوں کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔
سمن آباد ٹاؤن میں اس وقت 1400 سے زائد صفائی ورکرز اور 300 آپریشنل گاڑیاں مختلف علاقوں میں صفائی، ویسٹ کلیئرنس اور کچرا اٹھانے کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ خصوصی ویسٹ کلیئرنس آپریشن کے تحت ٹاؤن میں موجود 32 ہاٹ سپاٹ ایریاز کو مرحلہ وار کلیئر کیا جا رہا ہے تاکہ برسوں سے جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ اور عارضی ڈمپنگ پوائنٹس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
شہریوں کو گھر کی دہلیز پر بہتر صفائی سہولت فراہم کرنے کے لیے سمن آباد ٹاؤن میں گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کی غرض سے 280 لوڈر رکشے بھی تعینات کیے گئے ہیں، جو روزانہ کی بنیاد پر ویسٹ کلیکشن کو یقینی بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب ، پرائمری سے اے آئی کی تعلیم، پڑھائے گا کون؟
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کے مطابق گلشنِ راوی، یتیم خانہ چوک اور بابو صابو میں خصوصی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کریم بلاک، مون مارکیٹ، ایوبیہ مارکیٹ اور اچھرہ بازار کے اطراف خصوصی صفائی ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل ہیں تاکہ تجارتی مراکز میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔
اسی طرح چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، جی او آر ٹو اور اسلامیہ پارک سمیت مختلف علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی، مینوئل سویپنگ، سکریپنگ اور ویسٹ کلیئرنس کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تعلیمی اداروں، رہائشی آبادیوں اور کمرشل مارکیٹس کے اطراف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈی جی بابر صاحب دین نے بتایا کہ تمام عارضی کولیکشن پوائنٹس کو روزانہ کی بنیاد پر "زیرو ویسٹ” کیا جا رہا ہے، جس کے باعث کوڑا کرکٹ کے ڈھیر دوبارہ بننے کی روک تھام ممکن ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے اس مربوط نظام کا مقصد نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول بھی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب” کے تحت لاہور کے تمام 9 ٹاؤنز میں مرحلہ وار خصوصی صفائی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے، تاکہ شہر کے ہر علاقے میں یکساں معیار کی صفائی کو یقینی بنایا جا سکے اور لاہور کو حقیقی معنوں میں ایک صاف، سرسبز اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔











