لاہور(پنجاب پوسٹ) پاکستان گلوبل انیشی ایٹو لاء اینڈ جسٹس چیپٹر کے زیر اہتمام ایران کے سپریم لیڈر امام سید آیت اللہ علی خامنہ ای کی ایران میں تدفین کے موقع پر لاہور کے جی پی او چوک میں ایک پروقار دعائیہ اور شمع بردار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وکلاء، سول سوسائٹی، جی پی او چوکاور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی قیادت پاکستان گلوبل انیشی ایٹو کے چیئرمین، ممتاز قانون دان اور انسانی و سماجی حقوق کے رہنما محمد وسیم قریشی ایڈووکیٹ نے کی۔
تقریب کے شرکاء نے امام سید آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایران کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمِ اسلام میں امن، خطے کے استحکام اور پاکستان و ایران کے مابین برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد وسیم قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ امام سید آیت اللہ علی خامنہ ای کی جراتمندانہ قیادت، استقامت، صبر اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کا پیغام آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم شخصیات اپنے کردار، اصولوں اور نظریات کی بدولت تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں اور قوموں کی فکری رہنمائی کرتی رہتی ہیں۔
مزید پڑھیں:لاہور میں امن کانفرنس، شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین
انہوں نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک وزیراعظم میاں شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان کے قومی اداروں نے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، باہمی احترام، علاقائی تعاون اور پرامن سفارت کاری کی حمایت کی ہے، اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی ہر مثبت کوشش قابلِ تحسین ہے۔
محمد وسیم قریشی ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ وکلاء برادری ریاستِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور قومی سلامتی، قانون کی بالادستی، انصاف، بین الاقوامی امن اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شمعیں روشن کر کے امام سید آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا، ان کے پورٹریٹ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی۔ اس موقع پر عالمِ اسلام کے اتحاد، پاکستان و ایران کی ترقی و خوشحالی، خطے میں پائیدار امن اور پوری انسانیت کی سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔










