لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور پریس کلب میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) پنجاب کے زیرِ اہتمام شہید ہارون بلور اور شہید مولانا خان زیب کی برسی کے موقع پر امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں جے یو آئی کے رہنما مولانا امجد علی خان، سینئر صحافی سہیل وڑائچ، اے این پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان ہوتی، سرفراز خان، انجمن تاجران کے امجد خان، ملک جمشید، یونس خان، اے این پی لاہور کے چیئرمین حبیب خان، لال بادشاہ، شوکت زمان، قاری شبیر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے اے این پی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خان عبد الولی خان کی پاکستانیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بشیر بلور جیسے بہادر رہنماؤں کی قربانیوں نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو مضبوط کیا اور قوم کو ان کے حوصلے اور جرات سے سبق سیکھنا چاہیے۔
جے یو آئی کے رہنما مولانا امجد علی خان نے کہا کہ اے این پی کی شہداء کی ایک طویل تاریخ ہے اور خان عبدالغفار خان و خان عبد الولی خان نے ملک میں جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر سازشوں میں مصروف ہیں، اس لیے قومی اتحاد کو فروغ دینا اور بزرگوں کی روایات کو زندہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مولانا امجد نے کہا کہ 1973ء کے آئین پر مکمل عملدرآمد ہی ملک میں حقیقی عوامی حکمرانی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جے یو آئی اور عوامی نیشنل پارٹی جمہوری اور نظریاتی جدوجہد جاری رکھیں گی اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔








