ڈیجیٹل میڈیا سیل نے 5 ہزار سے زائد فرقہ وارانہ نفرت آمیز سوشل میڈیا اکاؤنٹس پی ٹی اے کو رپورٹ کیے، سیکرٹری داخلہ

لاہور (پنجاب پوسٹ) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ڈیجیٹل میڈیا سیل نے 5 ہزار سے زائد فرقہ وارانہ نفرت آمیز سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو رپورٹ کیے، جبکہ سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے والے عناصر کے خلاف پیکا اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے محکمہ داخلہ پنجاب میں محرم الحرام کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ کا مرکزی کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہا اور پنجاب بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس کی مسلسل نگرانی کرتا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کا محرم پورٹل بھی صوبے بھر کی سکیورٹی صورتحال کی نگرانی میں مؤثر ثابت ہوا۔
سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر بھی محرم کی طرز پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سپیس میں انتشار اور نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے سائبر پٹرولنگ مزید مؤثر بنائی گئی ہے۔


انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
تقریب میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصمہ اعجاز چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرؤف، ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے