ریسکیو 1122، عالمی برانڈ بن گیا ، پنجاب 30 ممالک کے ریسکیو اہلکاروں کو تربیت دینے والا دنیا کا پہلا صوبہ بن گیا

لاہور (پنجاب پوسٹ ) ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے انٹرن شپ پروگرام کے تحت ریسکیو انٹرنز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے فاریسٹ و وائلڈ لائف قاسم ندیم اور سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر بھی موجود تھے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا، جبکہ مہمانانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شروع کیا گیا ریسکیو انٹرن شپ پروگرام نوجوان پیرامیڈکس کو جدید ایمرجنسی میڈیکل تربیت، روزگار کے بہترین مواقع اور عوامی خدمت کے جذبے سے آراستہ کرنے کی ایک انقلابی کاوش ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے انٹرنز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی سروسز پنجاب اب ایک بین الاقوامی سطح کا ادارہ بن چکا ہے، جہاں 30 سے زائد ممالک کے ٹرینیز تربیت حاصل کر چکے ہیں۔یہاں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے ٹرینیز بھی تربیت حاصل کرنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف 8 ہفتوں میں 300 سے زائد انٹرنز کو بہترین تربیت فراہم کرنا عام بات نہیں ہے جس پر انہوں نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا ، جبکہ سیلاب 2025 اور دیگر ہنگامی حالات میں ریسکیورز نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی خصوصی دلچسپی سے ریسکیو کو جدید آلات سے آراستہ کر دیا گیا ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ نے ایک ایسے ادارے کو جوائن کیا ہے جو عوام کی دن رات دعائیں سمیٹتا ہے اور امید کرتے ہیں کہ آپ پنجاب ایمرجنسی سروس کے اعلیٰ معیار کو اپنے اپنے علاقوں میں برقرار رکھیں گے۔ریسکیو انٹرن شپ پروگرام ایک پائیدار اور مؤثر ہیومن ریسورس ماڈل متعارف کرا رہا ہے جس کے ذریعے ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی استعداد میں اضافہ ہوگا، خدمات کا معیار مزید بہتر ہوگا اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

خواجہ سلمان رفیق تمام انٹرنز سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں مسلسل سیکھنے، اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے، جسمانی فٹنس برقرار رکھنے اور ہر شہری کے ساتھ ہمدردی، خدمت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے ساتھ پیش آنے کو اپنا شعار بنائیں گے۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 اب تک 2 کروڑ سے زائد متاثرین کو خدمات فراہم کر چکی ہے، جن میں لاکھوں ٹریفک حادثات اور آتشزدگی کے واقعات شامل ہیں، جبکہ موٹر بائیک ریسکیو سروس اب تک 48 لاکھ ایمرجنسیز میں بروقت رسپانس دے رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ایمرجنسی رسپانس اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے کئی اہم منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، ان اقدامات میں ایئر ایمبولینس سروس، تحصیل کی سطح تک فائر سروس کی توسیع، تمام موٹرویز پر ریسکیو سروسز کی فراہمی، میت منتقلی سروس کا آغاز، ریسکیو اسٹیشنز کی سولرائزیشن اور جدید ریسکیو آلات کی فراہمی شامل ہیں،حکومت پنجاب کی جانب سے ریسکیو 1122 کو جدید ترین اربن سرچ اینڈ ریسکیو آلات اور سپیشلائزڈ ریسکیو گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ ان آلات میں ہائیڈرولک کٹرز، جدید موٹر بوٹس، لائف جیکٹس، سکوبا ڈائیونگ آلات، فائر ٹینڈرز اور نئی ایمبولینسز شامل ہیں، جن کے ذریعے ایمرجنسی ڈیزاسٹر، سیلاب، آتشزدگی اور دیگر ہنگامی حالات میں مؤثر رسپانس کے ساتھ شہری اور دور دراز علاقوں میں بروقت امداد یقینی بنائی جا رہی ہے

مزید یہ کہ حکومت پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ایمرجنسی سروسز کے شعبے میں تاریخی سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو بروقت، معیاری اور عالمی معیار کی ایمرجنسی سروسز میسر آسکیں، اور ریسکیو انٹرن شپ پروگرام اسی وژن کی ایک اہم کڑی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری قاسم ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کے والد نے ریسکیو 1122 کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ انہوں نے انٹرنز کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ آج کا دن ایک تاریخی موقع ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے انٹرنز کو ریسکیو سروس میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس کو اقوام متحدہ سے بھی سرٹیفکیشن حاصل ہے اور گزشتہ سیلاب و کورونا جیسے بحرانوں میں ریسکیو اہلکاروں نے جانفشانی سے خدمات انجام دیں۔

تقریب کے اختتام پر پاس آؤٹ ہونے والے انٹرنز سے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ اپنے علاقوں میں عوام کو محفوظ بنانے اور ایمرجنسی حالات میں بروقت مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے