سیالکوٹ: ستھرا پنجاب کا سپروائزر 15 ہزار روپے رشوت لیتےکیسے گرفتار ہوا؟

سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ) میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کرپشن کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کے سپروائزر شہریار کو 15 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی شہری کی شکایت پر منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، جس میں اینٹی کرپشن کی ریڈ ٹیم نے کامیاب ٹریپ ریڈ کے ذریعے ملزم کو موقع پر ہی قابو کر لیا۔ذرائع کے مطابق ملزم شہریار اپنے ماتحت صفائی ورکرز سے مستقل بنیادوں پر فی ورکر 5 ہزار روپے ماہانہ رشوت وصول کرنے کا عادی تھا۔ شکایت کنندہ کے مطابق ملزم نے اس، اس کی اہلیہ اور بیٹے سے ملازمت برقرار رکھنے اور مسائل پیدا نہ کرنے کے عوض مجموعی طور پر 15 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔


شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ نے فوری کارروائی کا فیصلہ کیا۔ سرکل آفیسر رانا مبشر علی کی نگرانی میں خصوصی ریڈ ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی کی۔ دورانِ ریڈ ملزم کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ رشوت کی رقم بھی قبضے میں لے لی گئی۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ بھی جانچا جائے گا کہ آیا ملزم اکیلے اس غیر قانونی عمل میں ملوث تھا یا اس کے ساتھ دیگر افراد بھی شامل تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اور سرکاری اداروں میں رشوت ستانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے