اسلام آباد( پنجاب پوسٹ )ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.45 فیصد کمی ہوئی، تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 11.94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : جمعہ کا دن آتے ہی پٹرول پمپ مالکان کی بلیک میلنگ شروع ، لاہور میں پٹرول کی قلت
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ آلو کی قیمت میں 3.94 فیصد، چکن میں 3.70 فیصد، پیاز میں 3.54 فیصد جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 1.61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق انڈے، بیف اور تازہ دودھ کی قیمتیں بھی بڑھیں۔ سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر، پیاز، آٹے، ایل پی جی، بیف اور مٹن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر کمی کے باوجود روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔








