لاہور( پنجاب پوسٹ ) ملک میں شفاف اور مؤثر انتخابی عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے نو تعینات افسران کی تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں 42 افسران نے لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں انتخابی امور، سیکیورٹی انتظامات اور جمہوری عمل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سہ ماہی تربیتی پروگرام کے تحت افسران نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا دورہ کیا، جہاں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ نے شرکاء کو انتخابی نظام، انتظامی امور، الیکشن مینجمنٹ اور آئندہ کے چیلنجز سے متعلق جامع بریفنگ دی۔
اس موقع پر افسران کو انتخابات کے دوران ادارہ جاتی رابطہ کاری، انتظامی تیاریوں اور جدید طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا تاکہ وہ مستقبل میں اپنی ذمہ داریاں زیادہ مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور:میں پیپلز پارٹی سرگرم، راجہ پرویز اشرف نے نئی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا
تربیتی وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور اور جدید الیکشن کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں اے آئی جی آپریشنز سرفراز ورک نے انتخابی سیکیورٹی کے انتظامات، امن و امان برقرار رکھنے کے طریقہ کار اور پولیس کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بعد ازاں افسران نے پلڈاٹ کا دورہ کیا، جہاں ادارے کے سربراہ احمد بلال محبوب نے جمہوریت کے فروغ، انتخابی عمل کی اہمیت اور مضبوط جمہوری اداروں کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ٹریننگ نگہت صدیق نے تربیتی پروگرام کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، پنجاب پولیس اور پلڈاٹ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور انتخابی نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق تربیتی پروگرام کا مقصد نئے افسران کو انتخابی عمل کے مختلف مراحل، انتظامی حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کے کردار سے آگاہ کرنا ہے تاکہ مستقبل کے انتخابات کو مزید منظم انداز میں منعقد کیا جا سکے۔











