لاہور:میں پیپلز پارٹی سرگرم، راجہ پرویز اشرف نے نئی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا

لاہور(پنجاب پوسٹ)میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے پارٹی کے لاہور آفس کا دورہ کیا، جہاں ڈویژنل صدر فیصل میر، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ شوکت اور دیگر رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور جیالوں نے بھرپور نعرے بازی کی۔تقریب کے دوران راجہ پرویز اشرف نے پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کی نئی ویب سائٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ عمران ڈوگر نے ویب سائٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 66,946 ارکان کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے۔

فیصل میر نے راجہ پرویز اشرف کو 25 جولائی کو مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور جلسے کا خصوصی ترانہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کے دس ٹاؤنز سے کارکنوں کے قافلے جلسے میں شریک ہوں گے، ہر ٹاؤن کو دس ہزار کارکن لانے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ انتظامات کے لیے 25 خصوصی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 25 جولائی کی رات صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔

راجہ پرویز اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور میں پارٹی کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر انہیں یقین ہو گیا ہے کہ 25 جولائی کا جلسہ تاریخی اور کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ جلسے میں اپنے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کو بھی ساتھ لائیں تاکہ مینارِ پاکستان عوام سے بھر جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کا پہلا قدم اتفاق، محبت اور مشترکہ جدوجہد ہے، جبکہ حقیقی قیادت سب کو ساتھ لے کر چلنے کا نام ہے۔ڈاکٹر عائشہ شوکت نے کہا کہ پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور لاہور میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ مجید غوری نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے لاہور میں دوبارہ اپنی سیاسی جگہ بنائی ہے اور 25 جولائی کو دس ہزار رکشوں پر پارٹی پرچم لہرائے جائیں گے۔ شاہد عباس نے کہا کہ لاہور تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور فیصل میر کی ٹیم بھرپور انداز میں جلسے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔


تقریب کے اختتام پر مختلف سیاسی جماعتوں، جن میں ٹی ایل پی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکن بھی شامل تھے، نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے