لاہور: (پنجاب پوسٹ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کے سی ڈی آرز (CDRs) اور دیگر حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ چاک کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی شکایت پر کارروائی کی گئی۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد محمد ساغر، محمد اشفاق اور ملک صدام کو گرفتار کیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کی سموں کی تفصیلات، فیملی رجسٹریشن، لوکیشن ڈیٹا اور دیگر خفیہ معلومات تجارتی مقاصد کے لیے مختلف افراد کو فروخت کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گرانفروشی پر پنجاب بھر میں بڑا کریک ڈاؤن، 968 افراد گرفتار
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 14 موبائل فون، 38 سمیں، بائیومیٹرک ڈیوائسز، فنگر پرنٹ اسکینرز اور دیگر الیکٹرانک آلات برآمد کیے گئے۔
ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے ذاتی اور حساس ڈیٹا کی چوری اور فروخت نہ صرف پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ ڈیجیٹل سیکیورٹی اور قومی مفادات کے لیے بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی











