گرانفروشی پر پنجاب بھر میں بڑا کریک ڈاؤن، 968 افراد گرفتار


لاہور: (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں مؤثر پرائس کنٹرول نظام کے تحت عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب بھر میں 4 لاکھ 84 ہزار 859 انسپکشنز کی گئیں، جو مقررہ ہدف کا 108 فیصد ہیں۔ اس دوران 23 ہزار 744 گرانفروشی کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن پر ایک کروڑ 53 لاکھ 68 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ مزید برآں 46 مقدمات درج، 968 افراد گرفتار جبکہ 693 کاروباری مراکز سیل کیے گئے۔
محکمہ کے مطابق عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پنجاب میں مؤثر نگرانی کے باعث گھی کی اوسط خوردہ قیمت تقریباً 521 روپے فی کلوگرام برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ مختلف آمدنی رکھنے والے صارفین کے لیے کم قیمت اور معیاری گھی برانڈز کی دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔


اسی طرح پیداواری لاگت میں اضافے کے باوجود مرغی کے گوشت کی اوسط قیمت تقریباً 445 روپے فی کلوگرام برقرار ہے، جبکہ سپلائی چین کی مسلسل نگرانی کے ذریعے غیر ضروری قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے اقدامات جاری ہیں۔
معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ عوام کو معیاری اشیائے خورونوش مناسب نرخوں پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید کا کہنا تھا کہ جدید ڈیٹا پر مبنی مانیٹرنگ کے ذریعے مارکیٹ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد، معیاری اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور شفاف انسپکشن نظام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے