شیخوپورہ(پنجاب پوسٹ)کورٹ رپورٹر سے کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سینئر قانون دان اور ریٹائرڈ سیشن جج غلام حسین ایڈووکیٹ اچانک انتقال کر گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ مہر عابد حسین کی عدالت میں ایک مقدمے کی جرح جاری تھی کہ اسی دوران غلام حسین ایڈووکیٹ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق انہیں دل کا شدید دورہ پڑا، جس کے باعث عدالت میں موجود وکلاء اور عدالتی عملہ فوری طور پر ان کی مدد کے لیے متحرک ہو گیا۔
عدالتی عملے نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مہر عابد حسین کی سرکاری گاڑی کے ذریعے انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ منتقل کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔
غلام حسین ایڈووکیٹ ایک سینئر قانون دان اور ریٹائرڈ سیشن جج تھے، جنہوں نے عدالتی نظام میں طویل عرصے تک خدمات انجام دیں۔ ان کے انتقال کی خبر سے وکلاء برادری، عدالتی عملے اور قانونی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔










