لاہور ( پنجاب پوسٹ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی تازہ کارروائیوں کے مطابق رواں سال لاہور سمیت پورے صوبے میں بجلی چوری کے 32 ہزار 181 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 23 ہزار 439 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بجلی چوری کے 20 ہزار 268 مقدمات کے چالان مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 2 ہزار 521 ملزمان کو عدالتوں سے سزائیں اور جرمانے بھی ہو چکے ہیں۔
یہ بھےی پڑھیں : لاہور میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری کا بڑھتا مسئلہ، 6 ماہ کتنے وہیکلز غائب؟
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں سب سے نمایاں رہیں، جہاں 8 ہزار 880 مقدمات درج کیے گئے اور 9 ہزار 922 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ بجلی چوری کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








