لاہور ( پنجاب پوسٹ ) سوشل میڈیا پر شریف ٹرسٹ ایجوکیشن ہائی سکول کے غیر رجسٹرڈ ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں نے والدین اور شہریوں میں تشویش پیدا کر دی، تاہم اس معاملے پر ایجوکیشن اتھارٹی نے باضابطہ وضاحت جاری کرتے ہوئے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ترجمان ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق شریف ٹرسٹ ایجوکیشن ہائی سکول ایک مکمل طور پر رجسٹرڈ تعلیمی ادارہ ہے اور اس کی رجسٹریشن سے متعلق تمام قانونی تقاضے اور مطلوبہ دستاویزات مکمل ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ادارے کی رجسٹریشن ہر لحاظ سے درست اور مؤثر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی پی ایس سی امتحانات نتائج جاری، امیدواروں کو انٹرویو کال لیٹرز کا انتظار
ترجمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر سکول کو غیر رجسٹرڈ قرار دینے والی خبریں حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہیں، جن سے عوام میں غیر ضروری بے چینی پیدا ہوئی۔ انہوں نے شہریوں، والدین اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے کے بجائے متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ مستند مؤقف کو ترجیح دیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق شریف ٹرسٹ ایجوکیشن ہائی سکول کی رجسٹریشن کی معیاد مارچ 2027 تک برقرار ہے، جس کے باعث ادارہ قانونی طور پر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق کسی بھی خبر یا دعوے کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کی جائے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ اور عوامی الجھن سے بچا جا سکے۔











