لاہور (پنجاب پوسٹ) کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی کے بعد ٹریفک کی روانی میں واضح بہتری آئی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 5 ہزار 970 چنگ چی رکشوں اور 13 ہزار 888 لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ حکام کے مطابق یہ مہم ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور حادثات کے خطرات کم کرنے کے لیے شروع کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب رنگ روڈ اتھاڑٹی کی جانب سے جرمانوں میں کتنے فیصد اضافہ؟
چیف ٹریفک آفیسر لاہور کا کہنا ہے کہ لوڈر رکشے اکثر سریا، لوہے کے پائپ اور دیگر بھاری سامان لے کر چلتے ہیں، جو دیگر گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد آئندہ بھی جاری رہے گا۔
واضح رہے رواں برس مئی میں چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی تھی۔ پابندی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے دھرم پورہ، مغل پورہ اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت اہم مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔











