جنوبی افریقہ سیریز کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان

لاہور(پنجاب پوسٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی ہوم سیریز کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق سیریز 14 سے 24 جولائی تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، جبکہ تمام میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔ ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی۔

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم اپنے پہلے دورۂ پاکستان کے سلسلے میں 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی، جبکہ دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-3 سے شکست دی تھی۔ اس کامیاب اسکواڈ کی کپتان فضا فیاض بھی حصہ تھیں، جنہوں نے دو میچز میں 72 رنز بنائے تھے، جن میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔

پی سی بی نے بنگلہ دیش سیریز کھیلنے والی نو کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ کے خلاف بھی برقرار رکھا ہے۔ ان میں فضا فیاض، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، کومل خان، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔

سیریز سے قبل قومی ویمنز انڈر 19 اسکواڈ نے کراچی میں فٹنس اور اسکلز کیمپ میں بھرپور تیاری کی۔

17 رکنی اسکواڈ میں کپتان فضا فیاض، الزوہہ حماد، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، بریرہ سیف، ہادیہ مینا، کومل خان، ماہ نور، ماہم نزاکت، ماہنور زیب، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو، زینب خانم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے