لاہور( پنجاب پوسٹ ) ملک میں نوجوانوں کے کردار اور مستقبل کی قیادت سے متعلق گفتگو اس وقت مزید اہمیت اختیار کر گئی جب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے صوبے کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات اور یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نوجوانوں نے موجودہ ملکی صورتحال، تعلیم، سیاست اور سماجی مسائل پر کھل کر اظہارِ خیال کیا، جبکہ گورنر پنجاب نے بھی ان کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔
ملاقات میں طلبہ و طالبات نے گورنر پنجاب کے فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے سماجی خدمت اور رضاکارانہ سرگرمیوں میں عملی کردار ادا کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے نوجوانوں کے جذبے کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی ملک کی اصل طاقت، امید اور روشن مستقبل ہیں، جنہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مریم نواز کا نیا ادارہ، کیا سرکاری اثاثوں کا نظام بدل جائے گا؟
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کے مطابق جامعات کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کی جانب تیزی سے پیش رفت کرنا ہوگی تاکہ طلبہ عالمی معیار کی تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ کردار سازی بھی اتنی ہی ضروری ہے، اس لیے طلبہ کو اپنے اساتذہ کا احترام کرنا چاہیے اور معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیاست کو صرف اقتدار کے حصول کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ اگر سیاست نیک نیتی، عوامی خدمت اور قومی مفاد کے جذبے سے کی جائے تو یہ عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا سیاست میں آنا اور ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ یہی نسل پاکستان کے مستقبل کی سمت کا تعین کرے گی۔
ملاقات کے اختتام پر گورنر پنجاب نے طلبہ و طالبات کے مختلف سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے اور انہیں تلقین کی کہ وہ تعلیم، تحقیق، سماجی خدمت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں تاکہ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ممکن ہو سکے۔








