"اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام: 30 ہزار خاندانوں کو 20 سال کے لیے سرکاری زمین مل گئی

لاہور: (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کے تحت 30 ہزار بے زمین اور مستحق خاندانوں کو قابلِ کاشت سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی مکمل کر دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت 30 ہزار غریب خاندانوں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری زمین 20 سال کے لیے صرف 100 روپے سالانہ فی ایکڑ کی علامتی لیز پر فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مستحق خاندانوں کو زمین کے ساتھ فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی امداد اور زرعی ماہرین کی تکنیکی معاونت بھی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد بے زمین اور نادار خاندانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور انہیں عزتِ نفس کے ساتھ روزگار فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق کامیاب امیدوار اپنی محنت سے کاشت کریں گے اور فصل، آمدن اور منافع مکمل طور پر انہی کا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے فیصل آباد کے عبدالستار سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں چار ایکڑ زمین دی گئی ہے، جس کے لیے صرف 100 روپے سالانہ فی ایکڑ ادا کرنا ہوں گے، جبکہ زمین کی تیاری کے لیے حکومت مالی معاونت بھی فراہم کرے گی۔

تقریب کے دوران سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کا آغاز 22 اپریل کو کیا گیا تھا۔ اسکیم کے لیے 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 11 ہزار خواتین بھی شامل تھیں۔ 29 ہزار لاٹس کی قرعہ اندازی مکمل کر لی گئی ہے، تمام درخواست گزاروں کو ذاتی سماعت اور اپیل کا موقع فراہم کیا گیا، جبکہ ایک ہفتے کے اندر کامیاب امیدواروں کو الاٹمنٹ لیٹر جاری کر دیے جائیں گے اور 31 جولائی تک اراضی کا قبضہ بھی دے دیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ اسکیم میں 100 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا، کسی سفارش یا سیاسی دباؤ کو قبول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ غریب ترین طبقے کو زمین، مالی وسائل اور تکنیکی معاونت فراہم کر کے انہیں مستقل روزگار اور معاشی استحکام دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں بھی پنجاب بھر کی قابلِ کاشت سرکاری اراضی کی نشاندہی کر کے مزید مستحق خاندانوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے