لاہور: (پنجاب پوسٹ) غازی آباد کے علاقے میں گزشتہ رات ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون چھینے جانے کی مبینہ روڈ رابری کی کال کا ڈراپ سین سامنے آ گیا، جہاں شکایت کنندہ خود ہی واردات کا منصوبہ ساز نکلا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزم علی رضا نے پولیس کو 15 پر روڈ رابری کی اطلاع دی تھی، تاہم تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ اس نے رقم اور موبائل فون خرد برد کرنے کے لیے جھوٹی واردات کا ڈرامہ رچایا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بھتیجے کے ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے تھے اور رقم ہڑپنے کی غرض سے منصوبہ بندی کے تحت روڈ رابری کی جعلی کہانی بنائی۔ دورانِ تفتیش ملزم زیادہ دیر تک پولیس کو چکما نہ دے سکا اور اس نے سچ تسلیم کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، کتنے مطلوب ملزمان قانون کی گرفت میں آئے؟
پولیس نے ملزم علی رضا کو رقم اور موبائل فونز سمیت گرفتار کر کے اس کے خلاف جھوٹی رابری کی اطلاع دینے پر مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی۔













