لاہور ( پنجاب پوسٹ ) ایس پی کینٹ اختر نواز کی زیر صدارت کینٹ ڈویژن کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جرائم کی روک تھام، پولیس کارکردگی اور عوامی خدمت کے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی کینٹ اختر نواز نے ہدایت کی کہ 15 پر موصول ہونے والی ہر کال پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے اور ہر کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مفرور اشتہاریوں اور عادی مجرموں کی گرفتاری کے لیے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں اور متحرک سٹریٹ کریمنلز، نقب زنوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور: ابرکی پولیس کی کارروائی، 8 مبینہ جواری گرفتار
ایس پی کینٹ نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے انسداد کے لیے خصوصی حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائم پر مکمل کنٹرول کیا جائے اور تمام ہاٹ سپاٹ علاقوں کی خود نگرانی کی جائے تاکہ جرائم کی شرح میں واضح کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے منشیات فروشوں، قمار بازوں اور قحبہ خانے چلانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا اور واضح کیا کہ کسی بھی علاقے میں بدمعاشی، قبضہ گیری، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ایسے عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔
ایس پی اختر نواز نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور شہریوں کو ایس آئی پی ایس (SIPS) کی سہولیات سے بھرپور استفادہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔
اجلاس کے اختتام پر ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا کہ جرائم پر مؤثر کنٹرول، پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتری، دیانت داری اور محنت سے فرائض کی انجام دہی ہی کینٹ ڈویژن پولیس کی اولین ترجیحات ہیں، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔












