لاہور: (پنجاب پوسٹ)نیشنل اے فور وہیل چیئر ہینڈ بال ٹورنامنٹ میں پاکستان پولیس وہیل چیئر ہینڈ بال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل جیت کر محکمہ پولیس کا نام روشن کر دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایونٹ میں اسلام آباد، سندھ، پنجاب سمیت ملک بھر سے مختلف ٹیموں نے بھرپور شرکت کی، جہاں پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، عزم اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان پولیس کے کھلاڑی خان وینس، شاہد بھٹی اور نازیہ کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ رورل ڈیویلپمنٹ ڈے: پنجاب حکومت کی اولین ترجیح، فیصل ایوب کھوکھر
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پاکستان پولیس وہیل چیئر ہینڈ بال ٹیم کو سلور میڈل جیتنے اور بہترین کارکردگی دکھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں میڈلز جیت کر محکمہ پولیس کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی فاتح ٹیم اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








